ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں گرمی اور حبس برقرار، پہاڑی مقامات پر بارش کا امکان

ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں گرمی اور حبس برقرار، پہاڑی مقامات پر بارش کا امکان

ویب ڈیسک: ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں آج بھی موسم گرم اور شدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔ ان علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہو سکتی ہے۔

لاہور
صوبائی دارالحکومت لاہور میں سورج کی تپش کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان بھی موجود ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث موسم گرم اور مرطوب محسوس ہوگا۔ شہریوں کو براہِ راست دھوپ سے بچنے اور زیادہ پانی پینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کراچی
شہرِ قائد میں آج بھی موسم جزوی ابر آلود اور مرطوب رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے ہلکی بوندا باندی کی پیشگوئی کی ہے جس سے موسم عارضی طور پر خوشگوار ہو سکتا ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو زیادہ سے زیادہ 32 سے 34 ڈگری اور کم سے کم 27 سے 29 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد جبکہ ہواؤں کی رفتار جنوب مغرب سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

اسلام آباد اور دیگر علاقے
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، اٹک، چکوال، سیالکوٹ، خوشاب، گجرات، گوجرانوالہ، نارووال اور قریبی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا کے اضلاع سوات، دیر، بونیر، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، پشاور، ایبٹ آباد، مردان، مالاکنڈ، خیبر، باجوڑ، اورکزئی اور کوہاٹ میں بھی بارش متوقع ہے۔

بلوچستان اور سندھ
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، تاہم سندھ کے ساحلی علاقوں بشمول کراچی میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان
ان علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا، تاہم اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔