بھارتی گلوکار ابھیجیت کے متنازع بیان پر مشی خان برس پڑیں

بھارتی گلوکار ابھیجیت کے متنازع بیان پر مشی خان برس پڑیں

پاکستانی اداکارہ، میزبان اور سماجی کارکن مشی خان نے بھارتی گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریہ کے پاکستانی فنکاروں سے متعلق متنازع اور توہین آمیز بیانات پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے انہیں آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

قومی اور بین الاقوامی معاملات پر کھل کر اظہارِ خیال کرنے والی مشی خان نے ایک ویڈیو پیغام میں ابھیجیت بھٹاچاریہ کے حالیہ ریمارکس پر شدید تنقید کی۔بھارتی گلوکار نے ایک انٹرویو میں پاکستانی فنکاروں کے بارے میں متنازع گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانیوں کو بھارت سے نکال دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی گلوکاروں کے خلاف سخت الفاظ بھی استعمال کیے اور دعویٰ کیا کہ اگر ان کے اختیار میں ہوتا تو وہ انہیں بھارت آنے پر سخت سزا دیتے۔اس بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے مشی خان نے کہا کہ انہوں نے ابھیجیت کی ویڈیو دیکھی ہے، جس میں وہ پاکستانی گلوکاروں کے خلاف نفرت انگیز زبان استعمال کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی شوبز اور موسیقی کی صنعت مسلسل ترقی کر رہی ہے، جبکہ ابھیجیت خود بھارت میں کام نہ ملنے کے باعث محض توجہ حاصل کرنے کے لیے پاکستانی فنکاروں کے نام لے رہے ہیں۔

مشی خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فنکار اپنے ملک میں کامیابی سے کام کر رہے ہیں اور کسی کو ان کی صلاحیتوں یا مقام پر سوال اٹھانے کا حق نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعض لوگ صرف خبروں میں رہنے اور توجہ حاصل کرنے کے لیے اشتعال انگیز بیانات دیتے ہیں۔سوشل میڈیا پر مشی خان کے اس ردِعمل کو صارفین کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ متعدد صارفین نے پاکستانی فنکاروں کے حق میں آواز اٹھانے پر ان کی تعریف کی، جبکہ بعض نے دونوں ممالک کے فنکاروں کے درمیان احترام، مثبت رویے اور شائستہ گفتگو کی ضرورت پر بھی زور دیا۔