بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں فلموں میں کام کرنے کا خاص شوق نہیں تھا، تاہم والدہ کی ایک خواہش نے انہیں فلمی دنیا میں قدم رکھنے پر آمادہ کردیا۔
شاہ رخ خان کا 1991 میں دیا گیا ایک پرانا انٹرویو ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گیا ہے، جس میں انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کے آغاز اور اس کے پیچھے چھپی وجہ کے بارے میں گفتگو کی تھی۔اداکار کے مطابق وہ فلم انڈسٹری سے زیادہ متاثر نہیں تھے اور نہ ہی ابتدا میں فلموں میں کام کرنے کا ارادہ رکھتے تھے، لیکن والدہ لطیف فاطمہ خان کے انتقال کے بعد ان کی سوچ بدل گئی۔شاہ رخ خان نے بتایا تھا کہ ان کی والدہ انہیں ہمیشہ بڑی اسکرین پر دیکھنا چاہتی تھیں۔ والدہ کی اس خواہش کو پورا کرنے کے لیے انہوں نے فلمی دنیا میں قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ انہیں محسوس ہوتا تھا کہ فلموں میں آنے کے لیے شاید بہت دیر ہوچکی ہے، لیکن وہ اپنی والدہ کی خواہش پوری کرنا چاہتے تھے، جس کے باعث انہوں نے اداکاری کے شعبے میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا۔واضح رہے کہ شاہ رخ خان نے 1992 میں فلم ’دیوانہ‘ کے ذریعے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا۔ بعد ازاں انہوں نے اپنی اداکاری اور منفرد انداز سے عالمی شہرت حاصل کی اور بالی ووڈ کے کامیاب ترین اداکاروں میں شمار ہونے لگے۔