اکشے کمار کی ساتھی اداکارہ شانتی پریا نے خوبصورتی کے معیار چیلنج کرتے ہوئے سر منڈوا لیا

اکشے کمار کی ساتھی اداکارہ شانتی پریا نے خوبصورتی کے معیار چیلنج کرتے ہوئے سر منڈوا لیا

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شانتی پریا، جو اکشے کمار کے ہمراہ ان کی ڈیبیو فلم ’’سوگندھ‘‘ میں نظر آ چکی ہیں، نے خوبصورتی کے روایتی پیمانوں کو چیلنج کرتے ہوئے ایک جرات مندانہ قدم اٹھایا ہے —

 انہوں نے اپنے بال منڈوا لیے ہیں۔شانتی پریا نے اپنی نئی شکل کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں جن میں وہ بیج رنگ کے سوٹ میں ملبوس دکھائی دے رہی ہیں، جبکہ خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے یہ تصاویر اپنے مرحوم شوہر سدھارتھ رے کے بلیزر میں کھنچوائیں، جو 2004 میں انتقال کر گئے تھے۔اداکارہ نے تصاویر کے ساتھ ایک جذباتی کیپشن لکھا:’’میں نے حال ہی میں اپنے بال منڈوائے ہیں، اور یہ تجربہ واقعی کچھ انوکھا رہا۔ عورت ہونے کے ناتے ہم اکثر زندگی میں خود پر پابندیاں لگا لیتی ہیں، خود کو معاشرتی اصولوں اور توقعات کے پنجرے میں قید کر دیتی ہیں۔ اس تبدیلی کے ساتھ، میں نے خود کو آزاد کرلیا ہے۔ میں دنیا کے بنائے ہوئے خوبصورتی کے معیار کو توڑنا چاہتی ہوں — اور میں یہ بہت ہمت اور عزم کے ساتھ کر رہی ہوں۔‘‘انہوں نے مزید کہا:’’آج، میں اپنے مرحوم شوہر کی یاد کو بھی اپنے قریب محسوس کر رہی ہوں، ان کے اس بلیزر میں، جو اب بھی ان کی گرمی سمیٹے ہوئے ہے۔‘‘شانتی پریا کے اس فیصلے کو سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل ملا۔ جہاں بہت سے صارفین نے ان کی ہمت، خود اعتمادی اور خود کو آزاد کرنے کے جذبے کو سراہا، وہیں کچھ نے تنقید بھی کی۔

 ایک صارف نے لکھا:’’یہ کیا کردیا؟ لمبے بال تو جنوبی ہندوستانیوں کی خوبصورتی ہوتے ہیں، تم نے یہ کیوں کیا؟‘‘اس پر شانتی پریا نے جواب دیا:’’یہ سوچ مت رکھو کہ ہر کسی کو ایک خاص انداز میں ہی دکھنا چاہیے۔‘‘انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ اس فیصلے سے قبل یہ سوچ کر پریشان تھیں کہ کہیں ان کے کام کے مواقع متاثر نہ ہوں، کیونکہ فلم انڈسٹری اداکاراؤں کو ایک خاص معیار سے پرکھتی ہے۔ لیکن آخرکار انہوں نے اپنے دل کی سنی اور خوف کے بجائے آزادی کو چُنا۔شانتی پریا آخری بار تمل فلم ’’بیڈ گرل‘‘ میں نظر آئیں، اور اب ان کا یہ قدم نہ صرف ان کے فینز بلکہ فلمی دنیا کے لیے بھی ایک طاقتور پیغام ہے — خوبصورتی کی کوئی ایک تعریف نہیں، اصل خوبصورتی خود اعتمادی اور خود کو قبول کرنے میں ہے۔