ویب ڈیسک:بالی ووڈ کے مشہور ایکشن ہیرو اکشے کمار نے حال ہی میں انکشاف کیا کہ ان کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ کی صاف گوئی کی وجہ سے انہیں اپنے کیریئر میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اکشے کمار نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی فلموں کی اسکریننگ پر اہلیہ کو ساتھ لے جانے سے گریز کرتے ہیں کیونکہ ٹوئنکل کے تبصرے کبھی کبھار ناپسندیدہ ہوتے ہیں جیسے "یہ سین بے کار ہے" اور "یہ فلم اچھی نہیں ہے"۔ اکشے نے مزید کہا کہ پہلی بار جب انہوں نے ٹوئنکل کو فلم ٹرائل میں لے کر گئے تو ٹوئنکل نے پروڈیوسر سے کہا کہ فلم "بکواس" ہے، جس کے بعد پروڈیوسر نے اکشے کے ساتھ دوبارہ کام کرنے سے انکار کر دیا۔
اکشے نے کہا کہ وہ اپنی اہلیہ کی ذہانت اور بصیرت کو سراہتے ہیں اور جانتے ہیں کہ ٹوئنکل باریک بینی سے فلموں کا تجزیہ کرتی ہیں، اور اگر انہیں کوئی چیز پسند آتی ہے تو وہ اس کی تعریف بھی کرتی ہیں۔ اکشے نے اپنی فلم "کھیل کھیل میں" کا ذکر کیا، جسے ٹوئنکل نے بہت پسند کیا، حالانکہ یہ زیادہ کامیاب نہیں ہوئی، لیکن ان کے لیے یہ ایک کامیاب فلم جیسی تھی کیونکہ ان کی اہلیہ نے اس کی تعریف کی تھی۔اکشے کمار حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم "سنگھم اگین" میں کیمیو رول ادا کرتے دکھائی دیے تھے۔