وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال، خصوصاً مشرق وسطیٰ کے تناظر میں پاکستان ایک مؤثر سفارتی قوت کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے، جسے عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے سفارتی محاذ پر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ان کے بقول پاکستان کے فعال کردار سے ہمسایہ ملک بھارت کو بھی تشویش لاحق ہے۔عطاء اللہ تارڑ نے جنیوا میں ہونے والے اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں غیر معمولی سفارتی ماحول دیکھنے میں آیا، جو پاکستان کے بڑھتے ہوئے عالمی اثر و رسوخ کا عکاس ہے۔انہوں نے زور دیا کہ قومی مفاد ہر چیز سے بالاتر ہے اور کوئی بھی سیاسی رہنما یا جماعت ملک سے زیادہ اہم نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تنقید ہر شہری کا حق ہے، مگر اس کے نام پر ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانا قابل قبول نہیں۔ حالیہ کامیابیوں نے پاکستان کا عالمی مقام مضبوط کیا ہے، اس لیے موجودہ حالات میں ملک کے خلاف منفی پروپیگنڈا نہ صرف افسوسناک بلکہ ناقابل برداشت ہے۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ذاتی انا اور سیاسی اختلافات کو قومی مفاد پر ترجیح دینا ملک کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔