وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف اپنے لیے نہیں بلکہ عالمی سطح پر امن قائم کرنے کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے گمراہ کن پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا اور بھارت کی بلاجواز جارحیت کا مؤثر جواب دیا، جس کے بعد بھارت نے جنگ بندی کی درخواست کی۔ چار روزہ جنگ میں پاکستان نے اہم فتوحات حاصل کیں اور پہلگام جیسے واقعات کی حقیقت دنیا کے سامنے آئی۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ اب کھیلوں کے میدان تک پہنچ چکا ہے، تاہم پاکستان پرامن بقائے باہمی اور خطے میں استحکام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے۔