فلسطینیوں سے اظہا ریکجہتی ، جماعت اسلامی کا آج احتجاج

ملک بھرمیں مظاہرے ،ریلیاں اور مارچ ہونگے ،لا ہور میں بڑا اجتماع ہوگا 
13کو کراچی ،18کو ملتان ،20اپریل کو اسلام آباد میں مارچ :حافظ نعیم 
لاہور(سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر آج جمعہ کے روز ملک بھر میں اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہروں، ریلیوں اور مارچز کا انعقاد کیا جائے گا، مرکزی مارچ مال روڈ لاہور پر ہو گا جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کریں گے۔ منصورہ سے جاری بیان میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پوری قوم اور بالخصوص اہالیان لاہور سے اپیل کی ہے کہ وہ اہل غزہ سے اظہار یکجہتی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ کو خالی کرانے کے ناپاک منصوبے کی مذمت کے طور پر گھروں سے نکلیں اور احتجاج میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں جبکہ پاکستانی تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بھی فلسطین یکجہتی مارچز کا انعقاد کریں۔ امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی کے احتجاج کا مقصد امت مسلمہ کے حکمرانوں کو خواب غفلت جگانا ہے اور فلسطین کے غیور عوام کو باور کرانا ہے کہ پاکستانی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ٹرمپ کی غزہ خالی کرانے کی سازش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے،موجودہ حالات میں حماس کا ساتھ نہ دینا منافقت ہے، جو اسلامی ممالک کے حکمران یہ سمجھتے ہیں کہ غزہ کے بعد ان کی باری نہیں آئے گی وہ خوش فہمی میں مبتلا ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی 13اپریل کو کراچی، 18کو ملتان اور 20کو اسلام آباد میں فلسطین مارچ کرے گی۔