پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ریلوے اسٹیشنز پر خوراک کے معیار اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع مہم کا آغاز کیا ہے۔
اس مہم کے دوران صوبے کے 73 ریلوے اسٹیشنز پر 352 فوڈ پوائنٹس کی جانچ پڑتال کی گئی، جس میں ایک فوڈ پوائنٹ کو سیل اور 47 فوڈ پوائنٹس پر مجموعی طور پر 6 لاکھ 65 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔چیکنگ کے دوران 235 فوڈ پوائنٹس کو تفصیلی اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے، اور 2 من ایکسپائرڈ مشروبات اور دیگر غیر معیاری اشیاء کو تلف کیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی، عاصم جاوید، نے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے سے ملاقات کی اور ٹرین کیفے، کینٹین اور ریلوے اسٹیشنز پر فوڈ پوائنٹس کی روزانہ بنیاد پر جانچ پڑتال کے لیے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی۔
مزید برآں، ریلوے اسٹیشنز پر موجود فوڈ پوائنٹس کو فوڈ سیفٹی ایس او پیز جاری کیے جائیں گے، اور پہلے مرحلے میں انہیں لائسنس، تربیت اور میڈیکل سرٹیفکیٹ فراہم کیے جائیں گے۔ عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ ایکسپائرڈ مشروبات برآمد ہونے پر ایک فوڈ پوائنٹ کو بند کر دیا گیا ہے، اور فوڈ پوائنٹس پر تیل کی تبدیلی، فوڈ اسٹوریج اور اشیاء کی ایکسپائری مدت کی جانچ کی گئی ہے۔اس مہم کا مقصد ریلوے اسٹیشنز اور ٹرینوں میں ملنے والے کھانوں کی مکمل ٹریسیبیلٹی کو یقینی بنانا اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ایس او پیز پر عملدرآمد کو مضبوط بنانا ہے، تاکہ مسافروں اور ملازمین کی صحت کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔