نیپرا نے وفاقی حکومت کی درخواست کو سماعت کے لیے 12 فروری کو منظور کر لیا ہے، جس میں الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کے بنیادی ٹیرف میں 23.57 روپے فی یونٹ کی کمی کی تجویز دی گئی ہے۔
وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ موجودہ اور مجوزہ ٹیرف میں فرق کو کراس سبسڈی میکنزم کے ذریعے پورا کیا جائے گا۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز پر تمام موجودہ ٹیکسز لاگو رہیں گے۔ اس کے علاوہ، چارجنگ اسٹیشنز پر ایڈجسٹمنٹس کا اطلاق جاری رہے گا، اور مارجن کے تعین کا اختیار مارکیٹ پر چھوڑ دیا جائے گا۔پاور ڈویژن نے بھی 44 فیصد کم رعایتی ٹیرف کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت چارجنگ اسٹیشنز کو 71 روپے کے بجائے 39.70 روپے فی یونٹ کا ٹیرف ملے گا۔پاور ڈویژن کے مطابق، 2030 تک ملک میں 30 فیصد الیکٹرک گاڑیوں کی شمولیت کا ہدف رکھا گیا ہے۔