لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں صفائی ستھرائی کے مؤثر نظام کو یقینی بنانے کے لیے "ستھرا پنجاب اتھارٹی" قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق اس اتھارٹی کی اولین ترجیح شہروں اور دیہات میں صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہوگی۔اتھارٹی کی ذمہ داریوں میں کوڑا کرکٹ کے بروقت اٹھانے، جدید ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ، ڈمپنگ سائٹس کی مؤثر نگرانی اور غیر قانونی کچرا پھینکنے کے خلاف سخت اقدامات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور شجرکاری کے فروغ کو بھی منصوبے کا اہم حصہ قرار دیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اتھارٹی عوامی آگاہی مہمات کے ذریعے صفائی کو اجتماعی ذمہ داری بنانے پر زور دے گی، اور جدید مشینری، افرادی قوت اور ٹیکنالوجی کے استعمال کو ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔ اتھارٹی کا بنیادی ہدف عوام کو باوقار اور صحت مند طرزِ زندگی فراہم کرنا ہے، جو ماحول دوست اقدامات کے ذریعے شہریوں کے لیے بڑے فوائد کا سبب بنے گا۔