پاکستان اور چین آہنی بھائی، مستقبل جڑا ہوا ہے:صدر زرداری

پاکستان اور چین آہنی بھائی، مستقبل جڑا ہوا ہے:صدر زرداری

ویب ڈیسک: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے دورہ چین کے دوران کہا کہ چین کے عوام کی محبت انہیں بار بار چین آنے پر مجبور کرتی ہے۔

جہاں بھی گئے، عوام کی اپنائیت نے دل جیتا۔ صدر زرداری نے چین کے سرکاری ٹی وی کو انٹرویو میں بتایا کہ انسان کے دل کو فتح کرنے کے لیے محبت سب سے بڑی طاقت ہے۔صدر زرداری نے کہا کہ وہ اب تک 16 سے 17 بار چین آ چکے ہیں اور ہر بار وہاں کی اپنائیت اور خلوص محسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین آج 14 سال پہلے کے مقابلے میں بالکل بدل چکا ہے اور اس کی ترقی دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کئی دہائیوں پر محیط ہے اور دونوں ممالک ہر حال میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ گوادر بندرگاہ دونوں ممالک کو جوڑنے والی اہم کڑی ہے، جبکہ سی پیک کی ترقی سے پورا خطہ مستفید ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ چین کی معیشت مضبوط ہے، عوام خوشحال اور مطمئن ہیں، اسی لیے چین کا مستقبل تابناک نظر آتا ہے اور پورا مشرق چین کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ دنیا کو اب جنگوں کی بجائے معاشی امن اور ترقی پر توجہ دینی چاہیے۔صدر زرداری نے زور دیا کہ سب ممالک کو ایک دوسرے کی خودمختاری کا احترام کرنا ہوگا اور ترقی کا حق سب کو حاصل ہے۔ پاکستان اور چین کا تعاون اب خلا تک پہنچ چکا ہے۔ زرعی شعبے میں خود کفالت کے لیے پانی کے موثر استعمال اور جدید آبپاشی نظام اپنانا ضروری ہے۔

آخر میں صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی ہیں، جن کا مستقبل ایک دوسرے کے ساتھ جڑا ہوا ہے، اور آئندہ نسلوں کو یہ سکھانا ہوگا کہ وسائل کے درست استعمال سے خود انحصاری حاصل کی جا سکتی ہے۔