سعودی دارالحکومت ریاض سے خطرہ ٹل گیا، دو ڈرون حملوں کو اتحادی افواج نے ناکام بنا دیا

سعودی دارالحکومت ریاض سے خطرہ ٹل گیا، دو ڈرون حملوں کو اتحادی افواج نے ناکام بنا دیا

ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے لیے خطرے کی صورتحال ختم ہونے کا اعلان کردیا گیا، جبکہ اتحادی افواج نے یمن سے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی جانب بھیجے گئے 2 ڈرون طیارے فضا میں ہی تباہ کردیے۔

سعودی حکام کے مطابق اتحادی افواج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں ڈرون طیاروں کو ان کے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک کر تباہ کردیا۔ تاہم، ڈرونز کو تباہ کرنے کے مقام اور واقعے کے دیگر پہلوؤں سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔سعودی محکمہ شہری دفاع نے اعلان کیا کہ ریاض شہر کے لیے خطرے کی صورتحال ختم ہوچکی ہے۔ اس کے ساتھ ہی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات پر عمل جاری رکھیں اور متعلقہ حکام کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات کو سنجیدگی سے لیں۔اس سے قبل سعودی محکمہ شہری دفاع نے قومی ابتدائی وارننگ پلیٹ فارم کے ذریعے ریاض میں ہنگامی الرٹ جاری کیا تھا۔ شہریوں کو خبردار کیا گیا تھا کہ وہ کھلی جگہوں، شیشوں، بالکونیوں اور عمارتوں کی چھتوں سے دور رہیں تاکہ کسی ممکنہ خطرے کی صورت میں جانی نقصان سے بچا جاسکے۔

حکام نے عمارتوں سے باہر موجود افراد کو مشورہ دیا تھا کہ وہ فوری طور پر کسی قریبی عمارت میں پناہ لیں یا کسی مضبوط آڑ کے پیچھے محفوظ مقام اختیار کریں۔ ان ہدایات کا مقصد ممکنہ خطرے کے دوران شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا تھا۔سعودی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے اور غیر مصدقہ ویڈیوز یا اطلاعات شیئر کرنے سے گریز کریں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ عوامی تحفظ سے متعلق معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں اور جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔