کراچی: سیالکوٹ بزنس کمیونٹی کی نجی ایئر لائن ایئر سیال کے بیڑے میں ایک اور طیارہ شامل ہوگیا، جس کے بعد ایئر لائن کے طیاروں کی مجموعی تعداد 12 ہوگئی ہے۔
ایئر سیال کا 12واں ایئربس اے 320 گزشتہ رات بیرونِ ملک سے کراچی ایئرپورٹ پہنچا۔ نئے طیارے کو ایئر سیال کے ملکی اور بین الاقوامی فضائی آپریشنز کے لیے استعمال کیا جائے گا۔طیاروں کی تعداد کے اعتبار سے پی آئی اے 32 جہازوں کے ساتھ پہلے، ایئر سیال 12 جہازوں کے ساتھ دوسرے جبکہ ایئر بلیو 11 طیاروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ ساؤتھ ایئر کے بیڑے میں دو اے ٹی آر طیارے شامل ہیں۔ایئر سیال انتظامیہ نے روٹس میں اضافے کے پیش نظر مزید طیارے بیڑے میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق نئے جہازوں کی آمد سے فضائی آپریشنز میں وسعت کے ساتھ نئی ملازمتوں کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ترجمان ایئر سیال کے مطابق ایئر لائن نے ایک غیر ملکی ایوی ایشن کمپنی کے ساتھ 19 طیاروں کی ڈیل کی ہے، جس کے تحت مزید 18 طیارے بھی مستقبل میں بیڑے میں شامل کیے جائیں گے۔