اسلام آباد سے ریاض جانے والی ایئر سیال کی پرواز کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ

اسلام آباد سے ریاض جانے والی ایئر سیال کی پرواز کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ

اسلام آباد سے سعودی عرب کے شہر ریاض جانے والی نجی ایئرلائن ایئر سیال کی پرواز کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کر دی گئی۔

ذرائع کے مطابق پرواز پی ایف 768 اسلام آباد سے ریاض جا رہی تھی کہ جیسے ہی طیارہ پاکستان کی فضائی حدود سے نکل کر بحیرہ عرب کے اوپر پہنچا تو اس میں اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی، جس پر کپتان نے فوری طور پر ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کپتان نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت کراچی ایئرپورٹ پر اتار لیا۔ طیارے میں 160 مسافر سوار تھے۔نجی ایئرلائن کے کپتان نے ہنگامی لینڈنگ سے قبل ایئر ٹریفک کنٹرول کو صورتحال سے آگاہ کیا، جس کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی انتظامات مکمل کر لیے گئے تھے۔ طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔ذرائع کے مطابق ایئر سیال انتظامیہ مسافروں کو دوسرے طیارے کے ذریعے سعودی عرب روانہ کرنے کے انتظامات کر رہی ہے، جبکہ مسافروں کو کراچی ایئرپورٹ کے ٹرانزٹ لاؤنج منتقل کر دیا گیا ہے۔