لاہو ر میں بسنت کی تاریخوں کا اعلان، پتنگ بازی کے لیے سخت شرائط نافذ

لاہو ر میں بسنت کی تاریخوں کا اعلان، پتنگ بازی کے لیے سخت شرائط نافذ

لاہور میں محفوظ بسنت 12، 13 اور 14 مارچ کو منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ مقررہ تاریخوں کے علاوہ پنجاب بھر میں پتنگ بازی پر سخت پابندی برقرار رہے گی۔

سیکرٹری داخلہ احمد جاوید قاضی کے مطابق بسنت سے قبل تمام ضروری حفاظتی انتظامات مکمل کیے جائیں گے۔ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے حفاظتی ہدایات جاری کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔حفاظتی اقدامات کے تحت لاہور میں کسی غیر محفوظ یا ناپائیدار چھت پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی۔ چھتوں کی دیواریں اور گرِل کم از کم ساڑھے 3 فٹ بلند اور مضبوط ہونا لازم قرار دیا گیا ہے، جبکہ پتنگ بازی کے لیے استعمال ہونے والی چھت کی پائیداری کی ذمہ داری مکان کے مالک پر عائد ہوگی۔اجازت یافتہ مقامات پر چھتوں، منڈیروں اور سیڑھیوں کی مرمت کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عمارتوں کے مالکان کو 31 دسمبر تک حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کا حکم دیا گیا، جبکہ ڈپٹی کمشنر کو پرانی عمارتوں اور گھروں کی چھتوں کا مکمل معائنہ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔بسنت کے دوران ٹریفک پولیس 20 لاکھ سے زائد موٹرسائیکلوں پر مفت سیفٹی راڈز نصب کرے گی۔ پتنگ اور ڈور کی تیاری، ترسیل اور فروخت کے لیے رواں ماہ اجازت نامے جاری کیے جائیں گے، جبکہ لیسکو کو اپنی تنصیبات کو بروقت حفاظتی نیٹ سے محفوظ بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

بسنت کے ایام میں عمارتوں کی لفٹس کے لیے سیفٹی سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا، جبکہ چھتوں پر آتش گیر مواد رکھنے پر پابندی ہوگی۔ بسنت کے منتظمین تمام متعلقہ قوانین اور حفاظتی ہدایات پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔سیکرٹری داخلہ کے مطابق مقررہ تاریخوں سے پہلے یا بعد پتنگ بازی کرنے پر 5 سال قید اور 20 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا، جبکہ اجازت کے بغیر پتنگوں اور ڈور کی تیاری یا ترسیل پر 7 سال قید اور 50 لاکھ روپے جرمانے کی سزا ہوگی۔اجلاس میں کمشنر لاہور، ڈپٹی کمشنر، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، سی ٹی او لاہور سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی اور بسنت کے دوران حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔