بسنت تہوار کے دوران امن و امان اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے لاہور میں بسنت کے تینوں دن دفعہ 144 نافذ رہے گی۔
انتظامیہ کے مطابق 18 سال سے کم عمر بچوں پر پتنگ بازی مکمل طور پر پابندی ہوگی، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں والدین کو ذمہ دار اور قصوروار ٹھہرایا جائے گا۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ بسنت کو محفوظ اور پرامن بنایا جا سکے۔محفوظ بسنت 6، 7 اور 8 فروری 2026 کو صرف ضلع لاہور کی حدود میں منائی جائے گی۔ اس سلسلے میں پنجاب بھر میں بسنت سے قبل پتنگ اور ڈور تیار کرنے والوں، فروخت کنندگان اور کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق بسنت شیڈول کے تحت چار کیٹیگریز میں رجسٹریشن فارم جاری کیے جائیں گے۔ فارم اے پتنگ اور ڈور بنانے والوں کے لیے ہوگا، جبکہ رجسٹرڈ افراد کو فارم بی کے ساتھ سرکاری سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا، جس پر کیو آر کوڈ درج ہوگا۔ یہی کیو آر کوڈ پتنگوں، ڈور، دکانوں اور پینا فلیکسز پر نمایاں طور پر آویزاں کرنا لازم ہوگا۔انتظامیہ کے مطابق پتنگ کا سائز 30 انچ لمبائی اور 34 انچ چوڑائی سے زائد نہیں ہوگا، جبکہ گڈے کی لمبائی 34 انچ اور چوڑائی 40 انچ سے زیادہ نہیں ہوگی۔ ڈور کاٹن کے دھاگے سے تیار کی جائے گی جس میں نو سے زائد تاریں استعمال نہیں کی جا سکیں گی۔ مانجے میں صرف گلو، سادہ رنگ، آٹا اور کمزور شیشہ استعمال کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ تیز مانجا، دھاتی تار، کیمیکل اور تندی مکمل طور پر ممنوع ہوگی۔ چرخی بنانے کی اجازت نہیں ہوگی اور صرف پنے استعمال کیے جا سکیں گے۔
کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز کی رجسٹریشن کے لیے فارم سی اور فارم ڈی مختص کیے گئے ہیں، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں رجسٹریشن منسوخ اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔بسنت کے تینوں دن دفعہ 144 نافذ رہے گی اور پتنگ بازی کے لیے 72 گھنٹے کا وقت مقرر ہوگا۔ لاہور میں 100 کیمپس کے ذریعے 10 لاکھ موٹرسائیکل سیفٹی راڈز اور وائر تقسیم کیے جائیں گے، جبکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے 23 روٹس پر فری رائیڈ کی تجویز بھی دی گئی ہے۔انتظامیہ کے مطابق سیفٹی راڈز کے بغیر کسی موٹر سائیکل کو سڑک پر آنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ فائر ورکس اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ کائٹ فلائنگ میٹریل کی تیاری کی اجازت بھی صرف ضلع لاہور میں ہوگی۔کمشنر لاہور مریم خان کا کہنا ہے کہ 6 فروری سے قبل ضلع لاہور میں کسی قسم کی پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی۔