ریاض: سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات، مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور بحیرہ احمر میں سیکیورٹی کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔گفتگو کے دوران مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، علاقائی سلامتی اور بحیرہ احمر میں بین الاقوامی جہاز رانی کو درپیش خطرات بھی زیرِ بحث آئے۔صدر رجب طیب اردوان نے ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی جانب سے بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی اور تعاون کا اظہار کیا۔ترک صدر نے سعودی عرب کی قیادت میں قائم کثیرالملکی بحری دفاعی اتحاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ اتحاد عالمی بحری راستوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور اپنے مقاصد کے حصول میں کامیاب ہوگا۔دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے علاقائی سلامتی کے لیے باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔