مریم نواز نے سی ایم سولر پینل سکیم فیز ٹو کی منظوری دے دی، مستحقین کی تعداد ایک لاکھ کرنے کا حکم

مریم نواز نے سی ایم سولر پینل سکیم فیز ٹو کی منظوری دے دی، مستحقین کی تعداد ایک لاکھ کرنے کا حکم

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سی ایم سولر پینل اسکیم کے دوسرے مرحلے کی منظوری دیتے ہوئے مستحقین کی تعداد 90 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کرنے کی ہدایت کردی۔

 وزیراعلیٰ نے چولستان میں پانچ ہزار سولر پینلز کی فراہمی کے پائلٹ پراجیکٹ کی بھی منظوری دے دی۔مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں صوبے میں متبادل توانائی کے منصوبوں اور ویسٹ سے انرجی پیدا کرنے کے مختلف پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کے اشتراک سے سالڈ ویسٹ سے توانائی اور بائیوفیول منصوبوں پر جامع پلان طلب کرلیا گیا، جبکہ صوبے کے تمام بڑے ہسپتالوں کا انرجی آڈٹ کرانے کا حکم بھی دیا گیا۔وزیراعلیٰ نے ہسپتالوں میں توانائی کی ضروریات اور لوڈ کے مطابق الیکٹرک پینلز نصب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تین ہزار ٹن ویسٹ سے توانائی پیدا کرنے کے پائلٹ پراجیکٹ کی اصولی منظوری بھی دے دی۔ اجلاس میں اینیمل ویسٹ، ایگری ویسٹ اور سالڈ ویسٹ سے بائیوانرجی اور بائیوفیول پیدا کرنے کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو ننکانہ میں دھان اور دیگر فصلوں کی باقیات سے بائیوریفائنری پراجیکٹ کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ پنجاب میں کمرشل بنیادوں پر نجی ڈیری فارمز اور کمیونٹی کی سطح پر بائیو گیس پلانٹس کے قیام سے متعلق منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے چولستان میں 40 مقامات پر واٹر سپلائی اسکیموں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کی اصولی منظوری بھی دی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر فیصل کھوکھر اور سیکرٹری انرجی نے توانائی کے جاری اور مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ سی ایم سولر پینل اسکیم کے پہلے مرحلے میں ساڑھے تین لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ 89 ہزار 869 مستحق افراد کو سولر پینل فراہم کیے گئے۔ حکام کے مطابق اسکیم سے مستفید ہونے والے صارفین کے بجلی کے بلوں میں تقریباً ایک تہائی بچت ہوئی اور پنجاب بھر میں اس منصوبے کو عوامی پذیرائی حاصل ہوئی۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پنجاب کے 76 اسکولوں کو پائلٹ پراجیکٹ کے تحت سولر انرجی پر منتقل کیا جاچکا ہے۔ صوبے میں چار لاکھ 90 ہزار ٹن اینیمل ویسٹ سے سالانہ 7.15 ارب کیوبک میٹر بائیو گیس پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے، جبکہ اینیمل، ایگری اور سالڈ ویسٹ سے مجموعی طور پر 1.6 ارب یونٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔