اپوزیشن جماعتوں سے بھی مشاورت کریں گے ‘سٹیٹ بینک کی خود مختاری کا قانون فوری تبدیل کیا جائے
صوبے بنانے کے لئے آئین میں طریقہ موجود ، اس پر عمل کیا جائے: امیر جماعت اسلامی کی میڈیا سے گفتگو
کراچی(آئی این پی ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے سٹیٹ بینک کو خود مختاری دینے کا قانون فوری طور پر تبدیل کیا جائے، پٹرولیم لیوی کا عالمی مارکیٹ کی قیمتوں سے تعلق نہیں بلکہ یہ حکومتی نااہلی اور غلط معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے، لیوی ختم کرنے کیلئے جماعت اسلامی کی تکنیکی کمیٹی نے اپنی سفارشات حکومت کو پیش کردی ہیں جس میں شرح سود میں کمی کی تجویز بھی شامل ہے، آج 10 ستمبر کے مذاکرات کے نتائج دیکھ کر اسلام آباد مارچ کا اعلان کریں گے ۔کراچی میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا حکومت چاہے تو پارلیمنٹ کے ذریعے اسٹیٹ بینک کا قانون تبدیل کرسکتی ہے، پالیسی ریٹ کم کرنے کیلئیحکومت کو اسٹیٹ بینک سے موثر بات کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف پروگرام کو غلامی کا ذریعہ نہ بنائے، پالیسی ریٹ میں ایک فیصد کمی سے حکومت کو تقریبا 600 ارب روپے کا فائدہ ہوگا جبکہ پالیسی ریٹ میں تین فیصد کمی سے حکومت کو تقریبا 1700 ارب روپے کی بچت ہوسکتی ہے۔حکومت نے ایک سال میں عوام سے 1567 ارب روپے پٹرولیم لیوی وصول کی، پاکستان اپنے قرضوں پر سالانہ تقریبا 8 ہزار ارب روپے سود ادا کررہا ہے، شرح سود میں کمی سے قرضوں کی ادائیگی کا بوجھ کم ہوگا، شرح سود کم ہونے سے بینکوں کے منافع میں کمی ہوسکتی ہے