پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں دوسرے دن بھی اضافہ ، لیوی ختم نہ کی تو کل لانگ مارچ کا اعلان کردینگے:حافظ نعیم

 گڈز ٹرانسپورٹر زکی پھر ہڑتال کی دھمکی 
 پٹرول 5 روپے 58 پیسے ، ڈیزل 4 روپے 18 پیسے لٹر مہنگا پٹرول کی نئی قیمت 364 روپے 35 پیسے ، ڈیزل کی 385 روپے 95 پیسے مقرر، گڈز ٹرانسپورٹرز کا کرائے بڑھانے کا اعلان،حکومتی یقین دہانی پر ملک گیر ہڑتال مئوخر کی تھی:صدر گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد
لاہور ( خصوصی رپورٹ )پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا گیا گڈز ٹرانسپورٹر زکی پھر ہڑتال کی دھمکی ، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ، پٹرول 5 روپے 58 پیسے فی لٹر مہنگا ہو گیا ۔ نئی قیمت 364 روپے 35 پیسے ہو گئی ، جبکہ ڈیزل 4 روپے 18 پیسے لٹر مہنگا ہو کر 385 روپے 95 پیسے فی لٹر ہو گیا ۔ رات 12 بجے کے بعد اطلاق ہو گیا،آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے 5 فیصد کرائے بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے مقررہ مدت میں مطالبات پر موثر پیش رفت نہ ہونے پر دوبارہ ملک گیر ہڑتال کی دھمکی بھی دے دی۔صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت اور5 فیصد گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھانے کا اعلان کرتے ہیں۔ ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ پچھلے 17 روز میں ڈیزل کی قیمت میں 23 روپے اور پٹرول کی قیمت میں 25 روپے 36 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا، پٹرولیم کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کا فیصلہ ناقابل قبول ہے، اسے فوری واپس لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ 8 اگست سے 17 اگست تک ہونے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیرِ پٹرولیم نے قیمتوں میں روزانہ تبدیلی نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی جس پر ہم نے ملک گیر ہڑتال 40 دن کیلئے م ئوخر کی تھی۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس ہے، حکومت کوکل 10 ستمبر تک کی مہلت دی ہے، لیوی ختم نہ کی گئی تو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کرینگے۔ حکومت نے ایک روز قبل ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں 13 روپے فی لٹر اضافہ کیا، جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھا ئو اپنی جگہ، لیکن پٹرولیم لیوی کا کوئی جواز نہیں۔وہ گزشتہ روز پٹرولیم لیوی اور ظالمانہ مہنگائی کیخلاف احتجاجی تحریک کے تحت کراچی میں گورنر ہا ئوس کے باہر جاری دھرنے کے 24ویں روز جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے دیگر رہنما ئوں نے بھی خطاب کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آج ہمارے درمیان صومالیہ میں قزاقوں کے ہاتھوں 5 ماہ سے مغوی پاکستانیوں کے اہلخانہ بھی موجود ہیں۔ وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور متعلقہ اداروں سے ان کی بازیابی کیلئے بات کی ہے، حکومت انہیں فوری بازیاب کرائے۔ سندھ حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندان پر تشدد قابل مذمت ہے، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اس کا ازالہ کریں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین سے بات ہوئی ہے، انہوں نے دھرنے کی حمایت اور شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ جماعت اسلامی پورے پاکستان میں ظلم و ناانصافی کیخلاف عوام کو منظم کر رہی ہے۔ حکمران سمجھتے ہیں دھرنوں سے جماعت اسلامی تھک جائے گی، لیکن ایسا نہیں ہوگا، جدوجہد مزید تیز ہوگی۔ مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے عمران حکومت گرائی تھی اور موجودہ حکومت میں بھی تینوں شامل ہیں، مگر کسی نے پارلیمنٹ میں پٹرولیم لیوی کیخلاف آواز نہیں اٹھائی۔ جماعت اسلامی نے عوامی پارلیمنٹ لگا دی ہے جس سے حکمران طبقے کو تکلیف ہونا شروع ہوگئی ہے۔