سعودی عرب کے یمن میں حوثی ٹھکانوں پر 32 فضائی حملے

 تجارتی بحری جہازوں اور بین الاقوامی بحری نقل و حرکت کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہیں:سعودی کابینہ
صنعا‘ریاض(آئی این پی )ایران کے حمایت یافتہ یمنی حوثیوں نے دعوی کیا ہے کہ سعودی عرب نے یمن کے مختلف علاقوں میں ان کے ٹھکانوں پر 32 سے زائد فضائی حملے کئے  ہیں۔ بی بی سی کے مطابق حوثیوں سے وابستہ المسیرہ ٹی وی نے رپورٹ کیا ہے کہ سعودی طیاروں نے گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں پر 32 فضائی حملے کیے ہیں۔ سعودی عرب نے تا حال حوثیوں کی جانب سے ان حملوں کے دعوں پر کوئی با ضابطہ ردِعمل نہیں دیا ہے۔دریں اثناء ریاض(آئی این پی ) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت کابینہ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں حوثی حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔سعودی کابینہ نے ابہا، خمیس مشیط، جازان اور نجران میں شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حوثی حملوں کی شدید مذمت کی۔عرب میڈیا کے مطابق کابینہ اجلاس میں بحیرہ احمر میں تجارتی بحری جہازوں اور بین الاقوامی بحری نقل و حرکت کو نشانہ بنانے کی بھی مذمت کی گئی۔سعودی کابینہ نے ملکی خودمختاری اور قومی سلامتی کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے شہریوں کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات جاری رکھنے کا اعلان کیا