ملتان: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ملتان اور جلال پور پیر والا کا فضائی جائزہ لیا اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا۔
یہ ان کا ملتان کا دوسرا دورہ ہے، پہلا دورہ 3 ستمبر کو کیا گیا تھا۔ وزیر اعلیٰ نے دریائے ستلج اور چناب میں بھارت کی جانب سے جاری آبی جارحیت کے بعد پانی کے بہاؤ اور جنوبی پنجاب کی تشویشناک صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ این ڈی ایم اے نے پنجاب کے لیے مزید امدادی سامان روانہ کیا ہے۔ اسلام آباد سے 20 ٹرکوں پر مشتمل قافلہ امدادی سامان پنجاب بھیجا گیا جو پی ڈی ایم اے پنجاب کے حوالے کیا گیا۔ اس میں ہیٹرز، فولڈنگ بیڈز، بسترے اور رضائیاں شامل ہیں۔
قبل ازیں 9 ستمبر کو 10 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان بھی روانہ کیا جا چکا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مقامی ویئر ہاؤس سے کمبل اور پانی کے کین بھی پی ڈی ایم اے کو فراہم کیے گئے ہیں۔ اب تک پنجاب کو فراہم کردہ 1660 ٹن امدادی سامان میں کمبل، خیمے، مچھر دانیاں، پانی کے فلٹریشن پلانٹس، رضائیاں، فولڈنگ بیڈز، پانی کے کین اور 17 کشتیوں سمیت دیگر ضروری سامان شامل ہے۔این ڈی ایم اے تمام متعلقہ سول اور عسکری اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے اور امدادی کارروائیوں کی ہر لمحے نگرانی کر رہا ہے تاکہ متاثرہ شہریوں کو بروقت اور مؤثر مدد فراہم کی جا سکے۔