ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا میں سیلاب کے نتیجے میں موٹروے ایم 5 اٹھارویں روز بھی بند ہے اور متعدد دیہات زیرِ آب ہیں۔
نوراجہ بھٹہ کے حفاظتی بند کے کام مکمل ہونے کے بعد متاثرہ علاقوں میں پانی کی سطح میں کمی شروع ہو گئی ہے، تاہم موضع گج، نوراجہ بھٹہ، چک 87 ایم، بستی لانگ، بہادر پور، پیر اولیاء، ابو سعید، ڈیپال، کنہوں، صبرا، چک 81 ایم اور چک 82 ایم اب بھی سیلابی پانی کی لپیٹ میں ہیں۔اسی طرح اوباڑہ جنوبی، شجاعت پور شمالی و جنوبی، لنگر، دولت پور، کوٹ امام دین، درآب پور شرقی و غربی، شیہنی شمالی و جنوبی کے علاقے بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔سیلابی پانی سے نہ صرف مکانات اور سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچا بلکہ سیلابی ریلوں کی تباہ کاری کے مناظر ڈرون فوٹیج میں واضح ہیں۔ گیلانی روڈ اور موٹروے ایم 5 پر پڑنے والے شگاف نظر آ رہے ہیں، جبکہ شہر کے مشرقی علاقوں میں پانی کی نکاسی شگاف کے ذریعے تیزی سے جاری ہے۔