پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے 33 کروڑ ڈالر کے قرض معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد ملک میں سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مستحکم کرنا اور غربت کے خاتمے کے لیے اقدامات کرنا ہے۔
یہ قرض "انٹیگریٹڈ سوشل پروٹیکشن ڈیولپمنٹ پروگرام" کے تحت فراہم کیا جائے گا، جو غریب اور کمزور گھرانوں کی معاونت کو یقینی بنائے گا۔معاہدے کے مطابق، اس پروگرام کے ذریعے حکومت پاکستان بی آئی ایس پی (بینظیر انکم سپورٹ پروگرام) کے ذریعے غریب خواتین اور ان کے خاندانوں کی مدد فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ان خاندانوں کو ضروری معاونت فراہم کی جائے گی۔
اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایمافین نے اس پروگرام کے فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس سے غریب بچوں اور نوجوانوں کے لیے تعلیم کے مواقع میں اضافہ ہوگا، اور خواتین و لڑکیوں کی صحت اور غذائیت کی خدمات تک رسائی میں بہتری آئے گی۔پاکستان کی جانب سے اس معاہدے پر سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن کاظم نیاز نے دستخط کیے، اور اے ڈی بی کی جانب سے کنٹری ڈائریکٹر ایمافین نے اس پر دستخط کیے۔ یہ قرض پاکستان کی سماجی خدمات کو مزید مؤثر بنانے اور ملک کے کمزور طبقوں کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اہم قدم ہے۔