ڈاکو، چور سرگرم،وارداتوں میں اضافہ

 شہری لاکھوں روپے، گاڑیاں، قیمتی اشیاء لٹا بیٹھے مصری شاہ، برکی، مصطفی آباد، کوٹ لکھپت، ٹائون شپ میں لوٹ مار
لاہور (کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا، منگل کے روز مختلف علاقوں میں سرگرم ڈاکوئوں، چوروں نے شہریوں کو لاکھوں روپے نقدی، موبائل فونز اور قیمتی سامان سے محروم کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مصری شاہ کے علاقے میں فرہاد سے ڈاکوایک لاکھ 50 ہزار روپے اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔ برکی میں کرامت ایک لاکھ 45 ہزار روپے اور موبائل فون، مصطفی آباد میں شاہد ایک لاکھ 35 ہزار روپے اور موبائل فون سے محروم کردیا گیا۔ کوٹ لکھپت میں ڈاکو اسحاق سے ایک لاکھ 20 ہزار روپے اور موبائل فون جبکہ ٹائون شپ میں وحید سے ایک لاکھ روپے اور قیمتی سامان چھین کر لے گئے۔مزید برآں نولکھا اور گجرپورہ سے دو گاڑیاں جبکہ بھاٹی گیٹ، شیراکوٹ اور اچھرہ کے علاقوں سے متعدد موٹرسائیکلیں چوری کر لی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وارداتوں کی تفتیش جاری ہے، سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزموں کی شناخت کی جا رہی ہے۔