زیرحراست عمران عرف مانی بلوچ کوساتھیوں نے چھڑانے کے لیے فائرنگ کردی، ہسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا
لاہور(کرائم رپورٹر )لاہور میں 150سے زائد وارداتوں میں ملوث خطرناک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔پولیس کے مطابق آرگنائزڈ کرائم یونٹ کاہنہ اور ڈاکوئوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں 150 سے زائد وارداتوں میں ملوث انتہائی خطرناک ڈاکو عمران عرف مانی بلوچ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔پولیس ٹیم ملزمان کو ان کے ساتھیوں کی گرفتاری اور ریکوری کے لیے کاہنہ لے جارہی تھی کہ 4نامعلوم ملزمان نے اپنے ساتھی کو چھڑوانے کے لیے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس میں ڈاکو عمران عرف مانی بلوچ شدید زخمی ہو گیا اور ہسپتال منتقلی کے دوران راستے میں دم توڑ گیا۔ڈی ایس پی سید حسین حیدر کے مطابق ہلاک ملزم ڈکیتی، رابری،نقب زنی جیسی 150 سے زائد خطرناک وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ تھا۔ ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے تاہم سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچا ۔ ہلاک ہونے والے ملزم کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔