ویب ڈیسک: پاکستان نے قطر کے دارالحکومت دوحہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی طرف سے دوحہ میں اسرائیلی افواج کے غیر قانونی حملے، بمباری اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنانے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے اور علاقائی امن و استحکام کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کی جارحیت کے خلاف قطر اور فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور کھڑا ہے اور اس مشکل وقت میں ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا۔
اسی طرح ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دوحہ پر اسرائیلی حملے کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حملہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے، انسانی اصولوں کی پامالی کسی صورت قابل قبول نہیں، اور عام شہریوں و خودمختار ریاست کو نشانہ بنانا ناقابل دفاع ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان قطر کے عوام اور ریاست کے ساتھ کھڑا ہے اور قطر کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔