مولانا فضل الرحمان کی دوحہ حملے کی مذمت، امت مسلمہ سے حماس کے ساتھ یکجہتی کا اعلان

مولانا فضل الرحمان کی دوحہ حملے کی مذمت، امت مسلمہ سے حماس کے ساتھ یکجہتی کا اعلان

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس کی قیادت پر ہونے والے اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری امت مسلمہ حماس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے عوام اور جے یو آئی کی قیادت و کارکنان اس بزدلانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حملہ صرف حماس پر نہیں بلکہ پوری مسلم اور عرب دنیا کی خودمختاری پر حملہ ہے۔جے یو آئی سربراہ کے مطابق، حماس کی قیادت امریکی صدر کی جنگ بندی کی پیشکش پر غور کے لیے اجلاس کر رہی تھی کہ اسرائیل نے نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اس کارروائی میں مغربی فضائیہ کے انٹیلی جنس اور ایندھن بھرنے والے طیارے بھی شامل تھے تاہم اطلاعات کے مطابق خالد مشعل سمیت قیادت کو نقصان پہنچانے کی کوشش ناکام رہی۔مولانا فضل الرحمان نے دعا کی کہ حماس کے تمام رہنما محفوظ و سلامت رہیں اور کہا کہ امت مسلمہ فلسطینی عوام کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر حماس کی قیادت کو مکمل تحفظ فراہم کرے تاکہ وہ فلسطین اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کی تحریک کو مؤثر انداز میں آگے بڑھا سکیں۔

جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ ہزاروں فلسطینی اپنی جانیں قربان کرچکے ہیں جبکہ غزہ اور مغربی کنارے کے مجاہدین اب بھی قابض اسرائیلی افواج کو زمینی محاذ پر نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اپنی کمزوری کے باعث صرف فضائی حملوں پر انحصار کر رہا ہے اور معصوم بچوں، خواتین اور بزرگوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مہینوں سے غزہ کے عوام خوراک اور پانی کی شدید ناکہ بندی کا سامنا کر رہے ہیں جس کے باعث بھوک سے اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے مسلم ممالک کی خاموشی اور بے عملی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس رویے سے صورتحال روز بروز سنگین تر ہوتی جا رہی ہے۔جے یو آئی کے سربراہ نے "گلوبل صمود فلوٹیلا" کے کارکنان کی بھی بھرپور حمایت کا اعلان کیا جو تیونس میں جمع ہیں اور پچاس سے زائد جہازوں کے قافلے کے ذریعے غزہ کا محاصرہ توڑنے اور امداد پہنچانے کا عزم رکھتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ گزشتہ شب اسرائیل نے ان پر بھی ڈرون حملہ کرکے حوصلہ شکنی کی کوشش کی لیکن یہ کھلا جنگی جرم ہے جسے دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جانا چاہیے۔مولانا فضل الرحمان نے اپنے بیان کے اختتام پر اعلان کیا کہ پاکستانی عوام اور جے یو آئی ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ "ہم مسجد اقصیٰ اور فلسطین کو اسرائیل کے ناجائز قبضے سے آزاد کرائیں گے اور فلسطینی عوام کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔"