ترکی کا دوحہ پر اسرائیلی حملے پر ردعمل: اسرائیل جنگ بندی نہیں چاہتا

ترکی کا دوحہ پر اسرائیلی حملے پر ردعمل: اسرائیل جنگ بندی نہیں چاہتا

انقرہ: ترکی نے قطر کے دارالحکومت دوحہ پر اسرائیلی فضائی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس کے مذاکراتی وفد کو نشانہ بنانا اس بات کا ثبوت ہے کہ اسرائیل جنگ ختم کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا۔

ترک وزارتِ خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ جنگ بندی پر بات چیت کے دوران اسرائیلی حملہ امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل نے خطے میں توسیع پسندانہ عزائم اور دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے طور پر اپنا رکھا ہے۔خیال رہے کہ اسرائیل نے دوحہ میں فلسطینی تنظیم حماس کے دفتر کو نشانہ بنایا۔ عرب میڈیا کے مطابق حملے کے وقت اجلاس جاری تھا جس میں خالد مشعل، خلیل الحیہ، زاہر جبارین، محمد درویش اور ابو مرزوق شریک تھے۔حماس ذرائع کے مطابق اجلاس میں امریکی صدر کی پیش کردہ جنگ بندی تجویز پر غور کیا جا رہا تھا۔