اسرائیل کا قطر میں فضائی حملہ‘دھماکے‘ حماس کے سینیئر رہنما سمیت 6جاں بحق حملہ قطری عوام اور غیرملکیوں کی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے:وزارت خارجہ

مطابق فضائی حملے کے وقت حماس کے متعدد رہنماؤں کا اجلاس جاری تھا اور اجلاس میں حماس رہنما غزہ جنگ بندی کے حوالے سے امریکی صدر کی تجویز پر غور کر رہے تھے‘ حماس کے سینیئر رہنما خلیل الحیہ بیٹے اور سیکرٹری سمیت شہید ہوگئے
 حملے سے پہلے امریکہ کو اطلاع دی گئی تھی، امریکہ نے حماس رہنمائوں پر حملے میں مدد فراہم کی ہے:اسرائیلی عہدیدار‘ حملے میں سینئر رہنماؤں کی شہادت نہیں ہوئی:حماس‘قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے:اقوام متحدہ

دوحہ(مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی فورسز نے دوحہ کے علاقے قطارہ میں فضائی حملہ کرکے فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سینیئر رہنما خلیل الحیہ سمیت 6 افراد کو شہید  کردیا جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔تل ابیب سے جاری بیان میں اسرائیلی فوج نے تسلیم کیا ہے  دوحہ میں دھماکے کے ذریعے حماس کے سینئر رہنمائوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔اس قبل اسرائیلی بم باری سے دوحہ کا علاقہ کتارا کئی دھماکوں سے گونج اٹھا تھا، مقامی افراد نے متعدد عمارتوں کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاع دی، دھماکوں سے شہر بھر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔حماس ذرائع کے مطابق فضائی حملے کے وقت حماس کے متعدد رہنماؤں کا اجلاس جاری تھا اور اجلاس میں حماس رہنما غزہ جنگ بندی کے حوالے سے امریکی صدر کی تجویز پر غور کر رہے تھے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی بم باری کے دوران اجلاس میں حماس کے 5 سینئر رہنما خالد مشعل، خلیل الحیہ، ظہیر جبران، محمد درویش اور ابو مرزوق موجود تھے۔عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملے میں حماس کے سینیئر رہنما خلیل الحیہ بیٹے اور سیکرٹری سمیت شہید ہوگئے۔ایک اسرائیلی عہدے دار کا کہنا ہے  دوحہ میں حماس رہنمائوں پر حملے سے پہلے امریکا کو اطلاع دی گئی تھی، امریکا نے حماس رہنمائوں پر حملے میں مدد فراہم کی ہے۔ ترجمان قطری وزارت خارجہ ڈاکٹر ماجد بن محمد الانصاری کے مطابق قطر اسرائیل کی جانب سے دارالحکومت دوحہ میں رہائشی عمارتوں اور حماس کی قیادت کو نشانہ بنانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ترجمان قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ مجرمانہ حملہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور قطری شہریوں اور قطر میں رہنے والے باشندوں کی سلامتی و تحفظ کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ترجمان قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ قطر اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کرتا ہے کہ وہ اسرائیل کے اس غیر ذمہ دارانہ رویے اور خطے کے امن میں جاری خلل کو برداشت نہیں کرے گا، نہ ہی اپنی سلامتی اور خودمختاری کو نشانہ بنانے والے کسی اقدام کو قبول کرے گا۔ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیلی حملے میں سینئر رہنماؤں کی شہادت کی تردید کردی۔حماس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ قطر ی دارالحکومت دوحہ میں اجلاس میں موجود حماس کے رہنما اسرائیلی حملے میں محفوظ رہے ہیں‘وائٹ ہاؤس کی ڈپٹی پریس سیکریٹری اینا کیلی نے الجزیرہ کو بتایا کہ دوحہ میں اسرائیلی حملوں پر امریکی انتظامیہ کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا جا رہا، وہ واضح طور پر اس صورتحال کو دیکھ رہے ہیں کہ یہ کیسے آگے بڑھتی ہے۔اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے قطر پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی اور اس اقدام کو قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔