جعلی این او سی لے کر دریائی زمین پر تعمیرات کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے
ڈیم بروقت تعمیر کر دیے جاتے اور پیشگی وارننگ سسٹم موثر بنایا جاتا تو آج یہ حالات پیدا نہ ہوتے
لاہور (آئی این پی) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے دریا کے قدرتی راستوں پر قائم ہاسنگ سوسائٹیوں کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔چوہنگ میں الخدمت فاونڈیشن کی خیمہ بستی کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جعلی این او سی حاصل کرکے دریائی زمین پر تعمیرات کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ایسی سوسائٹیاں نہ صرف ماحولیاتی تباہی کا باعث بن رہی ہیں بلکہ سیلاب کے دوران انسانی جانوں اور کھیتوں کو بھی شدید خطرات میں ڈال رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ایک منظم نظام کے تحت ریلیف سرگرمیاں انجام دے رہی ہے اور خواتین و یوتھ ونگ بھی متاثرین کی بحالی کے کام میں شریک ہیں۔انہوں نے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کسی قدرتی آفت کے بعد اقدامات اٹھانے کے بجائے قبل ازوقت حکمتِ عملی اختیار کی جانی چاہیے تھی۔ اگر ڈیم بروقت تعمیر کر دیے جاتے اور پیشگی وارننگ سسٹم موثر بنایا جاتا تو آج یہ حالات پیدا نہ ہوتے۔