پاکستان کے محمد یحییٰ اور بھارت کے امرت واتس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئی ٹی ایف ورلڈ ٹینس ٹور جونیئرز جے 30 جبوتی کا ڈبلز ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
فائنل میں پاکستانی اور بھارتی کھلاڑیوں پر مشتمل جوڑی نے تھائی لینڈ کے ڈیوڈ ایوایو اور سعودی عرب کے احمد بہاء سروجی کو شکست دے کر چیمپئن شپ جیت لی۔ فاتح جوڑی نے 6-2 اور 6-4 کے اسکور سے کامیابی حاصل کی۔یہ کامیابی بین الاقوامی کھیلوں میں باہمی تعاون، ٹیم ورک اور مثبت جذبے کی ایک مثال ہے۔ ٹینس نوجوان کھلاڑیوں کو مختلف ممالک کے درمیان احترام اور کھیل کے ذریعے تعلقات مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرتی ہے۔پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کے صدر عاصم الحق قریشی، سیکریٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل اور فیڈریشن کی انتظامیہ نے محمد یحییٰ کو اس نمایاں کامیابی پر مبارک باد دی۔پی ٹی ایف عہدیداران نے ان کی عمدہ کارکردگی اور کھیل کے جذبے کو سراہتے ہوئے بین الاقوامی جونیئر ٹینس میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔