پشاور سے تعلق رکھنے والی ماہنور علی نے یو ایس ساؤتھ ایسٹ جونیئر گولڈ اسکواش سرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں اپنی چھوٹی بہن سحرش علی کو 1-3 سے شکست دے کر 22 واں گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔
امریکی ایونٹ لیوٹکی میر ایتھلیٹک سینٹر، بالٹی مور، میری لینڈ میں منعقد ہوا۔ فائنل میں ماہنور علی نے پہلا گیم 7-11 سے جیتا، دوسرے گیم میں سحرش علی نے 9-11 سے کامیابی حاصل کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔ بعدازاں ماہنور علی نے تیسرے اور چوتھے گیمز 6-11 اور 7-11 سے جیت کر ٹرافی اپنے نام کی۔سحرش علی کو سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا، جبکہ ماہنور علی نے اپنے شاندار کھیل سے ایک بار پھر پاکستان کا نام روشن کیا۔