یو ایس اوپن: نوواک جوکووچ اور آرینا سبالینکا پہلی بار مکسڈ ڈبلز میں ایک ٹیم بن گئے

یو ایس اوپن: نوواک جوکووچ اور آرینا سبالینکا پہلی بار مکسڈ ڈبلز میں ایک ٹیم بن گئے

نیویارک: یو ایس اوپن 2026 کے مکسڈ ڈبلز ایونٹ میں ٹینس کے دو بڑے نام، سربیا کے نوواک جوکووچ اور بیلاروس کی عالمی نمبر ایک آرینا سبالینکا پہلی مرتبہ ایک ساتھ کورٹ میں نظر آئیں گے۔

گزشتہ برس ایونٹ کے فارمیٹ میں تبدیلی کے بعد منتظمین نے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کی جوڑیوں کو مکسڈ ڈبلز میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس پر ٹینس حلقوں میں کافی بحث بھی ہوئی تھی۔39 سالہ نوواک جوکووچ اور 28 سالہ آرینا سبالینکا 25 اگست سے نیویارک میں شروع ہونے والے دو روزہ مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں اپنی شراکت کا آغاز کریں گے، جسے ایونٹ کی نمایاں ترین جوڑیوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔برطانیہ کے جیک ڈریپر ایک مرتبہ پھر امریکی اسٹار جیسیکا پیگولا کے ساتھ ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ دونوں گزشتہ سال سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔دوسری جانب گزشتہ ایڈیشن کی رنر اپ جوڑی، پولینڈ کی ایگا شواتیک اور ناروے کے کیسپر روڈ بھی ایک بار پھر مکسڈ ڈبلز میں ایک ہی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔

ایونٹ کی دیگر نمایاں جوڑیوں میں جاپان کی ناؤمی اوساکا اور کی نیشیکوری، امریکا کے ٹیلر فرٹز اور قازقستان کی ایلینا ریباکینا، جبکہ روس کے آندرے روبلیوف اور میرا آندریوا شامل ہیں۔اگرچہ کچھ عرصہ قبل یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ گرینڈ سلیم کی انعامی رقم اور آمدنی کی تقسیم پر تحفظات کے باعث کئی بڑے کھلاڑی ایونٹ کا بائیکاٹ کر سکتے ہیں، تاہم آرینا سبالینکا، ایگا شواتیک، جیسیکا پیگولا سمیت متعدد عالمی ستاروں نے اپنی شرکت کی تصدیق کر دی ہے، جس کے بعد مکسڈ ڈبلز ایونٹ کو شائقین کی غیرمعمولی توجہ حاصل ہونے کی توقع ہے۔