پاکستان ویمنز جونیئر ہاکی ٹیم 14 سال بعد جونیئر ایشیا کپ کے لیے کوالیفائی

پاکستان ویمنز جونیئر ہاکی ٹیم 14 سال بعد جونیئر ایشیا کپ کے لیے کوالیفائی

پاکستان ویمنز جونیئر ہاکی ٹیم نے ایک اور اہم کامیابی اپنے نام کرتے ہوئے 14 سال کے طویل وقفے کے بعد ویمنز جونیئر ایشیا کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

اس کامیابی کی باضابطہ تصدیق ایشین ہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف) نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو ارسال کیے گئے ایک رسمی خط کے ذریعے کی۔ایشین ہاکی فیڈریشن کے صدر فومیو اوگورا کی جانب سے بھیجے گئے تہنیتی خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ویمنز جونیئر ٹیم نے ویمنز جونیئر اے ایچ ایف کپ 2026 میں شاندار کارکردگی اور بہترین حتمی رینکنگ کی بنیاد پر جونیئر ایشیا کپ 2026 میں جگہ بنائی ہے۔اس تاریخی کامیابی پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیداروں نے ٹیم کی کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور آفیشلز کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے قومی ویمنز ہاکی کی بحالی اور روشن مستقبل کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔14 سال بعد ایشیا کپ میں رسائی کو پاکستان ویمنز ہاکی کے لیے ایک بڑی کامیابی تصور کیا جا رہا ہے، جس سے مستقبل میں بین الاقوامی سطح پر مزید بہتر نتائج کی امیدیں وابستہ ہو گئی ہیں۔