ایلا لینگلی کا ٹلسا میں کنسرٹ اچانک منسوخ، پولیس نے سیکیورٹی خطرے کی تردید کر دی

ایلا لینگلی کا ٹلسا میں کنسرٹ اچانک منسوخ، پولیس نے سیکیورٹی خطرے کی تردید کر دی

امریکی گلوکارہ ایلا لینگلی نے امریکی شہر ٹلسا میں اپنا کنسرٹ عین وقت پر منسوخ کر دیا۔ گلوکارہ نے اس فیصلے کی وجہ مداحوں، وینیو کے عملے اور اپنی ٹیم کو لاحق سنگین سیکیورٹی خطرہ قرار دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 27 سالہ ایلا لینگلی نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث کنسرٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ انتہائی مشکل تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی کو بھی خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتیں۔گلوکارہ نے کنسرٹ میں شرکت کے لیے وقت نکالنے، سفر کرنے اور پیسے خرچ کرنے والے مداحوں سے معذرت بھی کی۔ بعد ازاں کنسرٹ کی انتظامیہ نے بھی ٹکٹ خریدنے والے افراد سے افسوس کا اظہار کیا۔

پولیس کا مؤقف مختلف

دوسری جانب مقامی پولیس نے واقعے کے حوالے سے مختلف مؤقف اختیار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق وینیو انتظامیہ کو کنسرٹ منسوخ کرنے کی ہدایت نہیں دی گئی تھی اور بظاہر یہ فیصلہ گلوکارہ کی ٹیم نے خود کیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جمعے کی صبح ایک فون کال موصول ہوئی تھی، جس میں کنسرٹ کے دوران نقصان پہنچانے کی دھمکی دی گئی تھی۔ اس اطلاع کے بعد کنسرٹ سے قبل مقام کی تلاشی لی گئی، دو مرتبہ سیکیورٹی چیکنگ کی گئی اور اضافی اہلکار بھی تعینات کیے گئے۔پولیس کے مطابق تلاشی اور سیکیورٹی انتظامات کے دوران کنسرٹ کے مقام پر کسی خطرے کے شواہد نہیں ملے۔ حکام نے دھمکی آمیز کال کو بظاہر جھوٹا اور افراتفری پھیلانے کی کوشش قرار دیا۔یوں کنسرٹ کی منسوخی کے معاملے پر گلوکارہ کی ٹیم اور پولیس کے مؤقف میں فرق سامنے آیا ہے۔