ہیروئن سمگلنگ کا نیٹ ورک پکڑا گیا،11گرفتار

گروہ  غریب اور کم پڑھے لکھے نوجوان جوڑوں کو  روزگار کے خواب دکھا کر منشیات سمگلنگ کے لیے استعمال کرتا تھا
لاہور(کرائم رپورٹر)اے این ایف نے متحدہ عرب امارات میں ہیروئن اسمگل کرنے والے بین الاقوامی نیٹ ورک کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے نیٹ ورک کے مرکزی سرغنے سمیت 11 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔اے این ایف ترجمان کے مطابق کارروائی خفیہ انٹیلیجنس اطلاعات پر مبنی تھی، جس کے نتیجے میں ایسے گروہ کو بے نقاب کیا گیا جو غریب اور کم پڑھے لکھے نوجوان جوڑوں کو بیرون ملک روزگار کے جھوٹے خواب دکھا کر منشیات اسمگلنگ کے لیے استعمال کرتا تھا نیٹ ورک کا سرغنہ ندیم خان گرفتار کر لیا گیا ہے، جب کہ گرفتار ہونے والے دیگر افراد میں چار خواتین اور ایک فارماسسٹ بھی شامل ہیں۔ ملزمان منشیات کو ہیروئن سے بھرے کیپسولز کی شکل میں اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے، جو وہ اپنے پیٹ میں چھپا کر غیر ملکی پروازوں کے ذریعے بیرون ملک پہنچاتے تھے۔اے این ایف کی بہتر نگرانی اور جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران دو ہوائی اڈوں سے چار نوجوان جوڑے رنگے ہاتھوں گرفتار ہوئے۔ ان کے قبضے سے ہیروئن کے درجنوں کیپسولز برآمد کیے گئے تفتیش کے دوران نیٹ ورک کے مزید تین سہولت کاروں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے،جبکہ دیگر مفرور ملزمان کی نشاندہی کر لی گئی ہیجلد تمام مفرور ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا جائے گااینٹی نارکوٹکس فورس کے ترجمان نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود ادارہ منشیات کے بین الاقوامی نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے ان کا کہنا تھا کہ اے این ایف پاکستان سے کسی بھی خلیجی ملک کو منشیات اسمگل نہیں ہونے دے گی، یہ جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک منشیات کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔