ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے پر شہریوں کیخلاف فوری مقدمہ درج نہ کیا جائے اسلام آباد ہائیکورٹ

 مقدمہ درج ہونے کے بعد شہری کریمنل ہسٹری میں آ جاتا‘ پہلی بار وارننگ اور جرمانہ کریں، دوسری مرتبہ بیشک سخت کارروائی کریں
غلطیاں ہو جاتی ہیں انسان سے ‘ نادرا ایپ سے  شناختی کارڈ کی تصدیق ہو جاتی ہے، آپ بھی  ایسا سسٹم متعارف کروا دیں:چیف جسٹس
اسلام آباد (آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے پر شہریوں کے خلاف فوری مقدمہ درج نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی ہے اورچیف جسٹس نے ریمارکس دیئے مقدمہ اندراج کے بعد وہ کریمنل ہسٹری میں آ جاتا ہے، ون ٹائم وارننگ اور جرمانہ کریں، جب کسی کو جرمانہ کریں گے تو وہ ریکارڈ پر ہوگا، دوسری مرتبہ آپ بے شک سخت کارروائی کریں۔ غلطیاں ہو جاتی ہیں انسان سے لیکن قانون میں غلطی کی گنجائش نہیں ہے۔اب تو نادرا ایپ کے ذریعے شناختی کارڈ کی تصدیق ہو جاتی ہے، آپ بھی اس طرح کا سسٹم متعارف کروا دیں۔انھوں نے یہ ریمارکس جمعرات کے روزدیے ہیں۔چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے لیے گرفتاری اور گاڑیاں ضبط کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کرنے کے خلاف شہری کی درخواست پر سماعت کی۔ سی ٹی او اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ حمزہ ہمایوں عدالتی نوٹس پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے۔عدالت نے ہدایات کے ساتھ شہری کی درخواست نمٹا دی۔