آج اسلام آباد کی طرف مارچ ٹی ایل پی غزہ میں امن ہونے پر فساد کرنا چاہتی ہے،اجازت نہیں دینگے طلال چودھری

بھارتی جارحیت کے وقت بھی ٹی ایل پی نے قوم کی توجہ ہٹانے کیلئے مارچ کا منصوبہ بنایا تھا، اْس وقت انہیں بلاکر سمجھایا اور متنبہ کیا تھا
ٹی ایل پی کے گرفتار عہدیداروں سے کیل والے  ڈنڈے، گولیاں، کیمیکل اور آنسو گیس گنز برآمد ہوئیں:وزیرمملکت کی پریس کانفرنس
ٹی ایل پی کا مارچ روکنے کیلئے فیض آباد پر کنٹینر پہنچادئیے گئے ‘لاہور میں احتجاج کے باعث ملتان روڈ‘سکیم موڑ‘بابو صابو بند‘ٹرین سروس معطل
اسلام آباد‘لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں)وزیرمملکت  طلال چودھری نے کہا ہے  فلسطینیوں کی خواہش کے عین مطابق امن منصوبہ اور جنگ بندی ہونے کے بعد اب ٹی ایل پی کو تکلیف ہورہی ہے اور وہ احتجاج کے نام پر فساد کرنا چاہتی ہے۔اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  انہوں نے کہا  غزہ کے نام پر اسلام آباد احتجاج کے حوالے سے سارے صوبوں میں ایکشن کیے گئے اور اسلام آباد و پنجاب سے ٹی ایل پی کے جو عہدیدار گرفتار ہوئے اْن سے پروگرام کے پمفلٹ نہیں بلکہ پولیس پر حملہ کرنے کا سامان برآمد ہوا۔ ٹی ایل پی کے عہدیداروں سے کیل والے ڈنڈے، کیمیکل، شیشے کی گولیاں، شیل گن، شیل اور اس سے بچاؤ کے ماسک برآمد ہوئے، انہیں اب فلسطین میں امن ہونے پر مسئلہ ہے اور یہ احتجاج کے نام پر فساد کرنا چاہتے ہیں۔وزیرمملکت نے کہا کہ پاکستان میں کسی بھی قسم کی انتشاری سیاست اور پروگرام کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ان کے سربراہ کی اشتعال انگیز اور گالی گلوچ والی تقاریر ہیں، فلسطین کے لوگوں کو امن ملنے سے آپ کو کیا مسئلہ ہے؟ فلسطین کے لوگوں کی طرح پاکستان کو بھی امن چاہیے۔بھارتی جارحیت کے وقت بھی ٹی ایل پی نے قوم کی توجہ ہٹانے کیلئے مارچ کا منصوبہ بنایا تھا، اْس وقت انہیں بلاکر سمجھایا اور متنبہ کیا تھا۔دریں اثناء  تحریک لبیک  پاکستان کی جانب سے اسلام آباد کی طرف ممکنہ مارچ کے باعث شہر بھر میں سکیورٹی سخت کردی گئی‘ انتظامیہ نے فیض آباد پر کنٹینرز  پہنچا دئیے ہیں ‘لاہور میں یتیم خانہ چوک پر تحریک لبیک پاکستان کے کارکنوں کے احتجاجی مظاہرے کے باعث ملتان روڈ اور اس سے ملحقہ راستے ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔ پولیس نے بھاری نفری کے ساتھ اینٹی رائٹ فورس، واٹر کینین اور بکتر بند گاڑیوں کی تعیناتی کر دی ہے تاکہ عوامی ردِّعمل اور ممکنہ امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کیا جا سکے۔ذرائع کے مطابق سکیم موڑ سے یتیم خانہ اور گلشن راوی سے ملتان روڈ تک، نیز بابو صابو سے یتیم خانہ چوک تک تمام سڑکیں بند کر دی گئی ہیں‘ شہر میں آج اور کل اورنج لائن ٹرین بند رہے گی