شدید فائرنگ کے تبادلے میں 30 سالہ میجر سبطین حیدر بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے‘خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد
بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ خوارج کا انجام ہمیشہ عبرتناک ہو گا:صدر‘ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے:وزیراعظم
ڈیرہ اسماعیل خان (آن لائن) ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں سیکیورٹی فورسز نے انڈین پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں سات ہندوستانی سپانسرڈ خوارج مارے گئے ۔صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سکیورٹی فورسز کو کامیاب کارروائی پر خراج تحسین اور مادروطن پر قربان ہونے والے میجر سبطین حیدر کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔صدر نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ خوارج کا انجام ہمیشہ عبرتناک ہو گا۔وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے غیر متزلزل عزم میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران میجر سبطین حیدر نے جامِ شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران ہونیوالے شدید فائرنگ کے تبادلے کوئٹہ کے 30 سالہ میجر سبطین حیدر بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، وہ بہادری سے اپنے دستے کی قیادت کر رہے تھے۔ آپریشن کے دوران خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا