بلوچستان:فورسز کے آپریشن‘بھارتی حمایت یافتہ18دہشت گرد ہلاک خواتین کے کپڑوں اور برقع میں ملبوس 4 گرفتار

کوئٹہ کے  علاقے غزا بند میں سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن میں 10 دہشت گرد  اورضلع شیرانی میں  8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے
خضدار میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا‘چاروں آپریشن کے دوران خواتین کا لباس پہن کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے
کوئٹہ (آئی این پی ‘مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان میں   سیکیورٹی فورسز نے مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میںبھارتی حمایت یافتہ    18 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کوئٹہ کے نواحی علاقے غزا بند میں سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن میں 10 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ضلع شیرانی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق  کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز نے غزا بند میں بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کیخلاف مشترکہ آپریشن کیا، پہاڑی علاقے میں انٹیلی جنس اطلاعات پر ہونے والے اس آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کاتبادلہ ہوا۔آپریشن میں فرنٹیئر کور(ایف سی)  پاکستان آرمی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ ٹیمیں شریک تھیں۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جب سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کیا تو دہشتگردوں نے شدید مزاحمت کی اور فائرنگ کا آغاز کر دیا، تقریبا دو گھنٹے تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشتگرد مارے گئے، ان میں سے کئی کی شناخت بعد میں ہوئی جو ماضی کے متعدد دہشتگرد حملوں میں ملوث تھے۔فائرنگ کے تبادلے میں 2 سیکیورٹی اہلکاروں کو گولیاں لگیں ‘دریں اثناء سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا اور بھارت کی پراکسی تنظیم فتنہ الہندوستان کے چار دہشت گردوں کو گرفتار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق چاروں دہشت گرد آپریشن کے دوران بزدلانہ طور پر خواتین کا لباس پہن کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔