غزہ معاہدے کا خیر مقدم پاکستان امن کیلئے کام جاری رکھے گا شہبازشریف
صدر ٹرمپ نے عالمی امن کیلئے غیر متزلزل عزم دکھایا،غزہ میں نسل کشی کے خاتمے کے معاہدے کا اعلان تاریخی موقع ہے، یہ معاہدہ مشرقِ وسطی میں پائیدار امن کے قیام کی امید ہے :وزیراعظم کابیان
قومی خزانے پر بوجھ بننے والے اور غیرفعال سرکاری اداروں کی نجکاری جلد مکمل کی جائے‘ادارہ جاتی تاخیر برداشت نہیں، نجکاری عمل کی خود نگرانی کروں گا :شہبازشریف کی اجلاس میں گفتگو
اسلام آباد( آن لائن‘آئی این پی ) وزیراعظم شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے موجودہ سیاسی صورتحال، حالیہ سیلاب، اور خارجہ پالیسی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دوران پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے بعض رہنماؤں کے حالیہ بیانات پر بھی بات کی گئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تمام معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے گا ۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں مستقل جنگ بندی اور امن کیلئے حماس اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ مشرقِ وسطی میں پائیدار امن کے قیام کی امید ہے،صدر ٹرمپ نے عالمی امن کیلئے غیر متزلزل عزم دکھایا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فلسطینی عوام نے ناقابل بیان مصائب برداشت کئے ہیں، غزہ میں نسل کشی کے خاتمے کے معاہدے کا اعلان تاریخی موقع ہے، یہ معاہدہ مشرقِ وسطی میں پائیدار امن کے قیام کی امید ہے۔انہوں نے ایک بار پھر امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا صدر ٹرمپ نے مذاکرات کے عمل میں عالمی امن کیلئے غیر متزلزل عزم دکھایا، قطر، مصر اور ترکیہ کے رہنمائو ں کی کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے معاہدے کے لئے انتھک کوششیں کیں۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا فلسطینی عوام کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے بے مثال قربانیاں دیں، ایسی تکلیف دہ صورتحال دوبارہ کبھی نہیں دہرائی جانی چاہیے۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے قومی خزانے پر بوجھ بننے والے اور غیرفعال سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کو جلد از جلد انتظامی اور ادارہ جاتی پیچیدگیوں سے بچاتے ہوئے مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ جاتی تاخیر یا سرخ فیتے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور وہ خود نجکاری کے عمل کی نگرانی کریں گے۔وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت مجوزہ سرکاری اداروں کی نجکاری پر اہم اجلاس ہوا، جس میں 24 میں سے 15 اداروں کی نجکاری سے متعلق پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔وزیرِاعظم نے ہدایت دی کہ نجکاری کے عمل میں قومی مفاد، شفافیت اور اداروں کی پیشہ وارانہ استعداد میں بہتری کو یقینی بنایا جائے، نجکاری کے عمل میں عالمی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی اندرونی استعداد کار بڑھانے کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت ہر ممکن اقدامات فوری طور پر اٹھائے جائیں