فضل الرحمن اوربلاول بھٹو کا ٹیلی فونک رابطہ ،سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال، مبینہ انتقامی کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ

فضل الرحمن  نئے سیاسی اتحاد کی تیاری؟  بلاول بھٹو
  سربراہ جے یو آئی (ف)نے مبینہ حکومتی کارروائیوں بارے بھی آگاہ کیا ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے مذمت کردی ،حکومت کو اپوزیشن کی تنقید برداشت کرنی چاہئے ،جمہوریت و پارلیمان کمزور کرنیوالے اقدامات سے گریز کرے :بلاول ،موجودہ سیاسی صورتحال میں رابطہ کو انتہائی اہم قرار 
اسلام آباد(بیورو رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک )جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے گزشتہ روز ٹیلیفونک رابطہ کیا، اس دوران دونوں رہنمائوں نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پارلیمانی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جبکہ جے یو آئی (ف)کے سربراہ نے چیئرمین پیپلزپارٹی کو اپنے خلاف حکومت کی مبینہ کارروائیوں سے متعلق بھی آگاہ کیا۔پاکستان پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ‘‘ایکس’’پر جاری بیان کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمن سے گفتگو میں جمعیت علمائے اسلام(ف)کے خلاف مبینہ حکومتی اقدامات، سیاسی انتقام اور پارٹی کو نشانہ بنائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اس بات پر زور دیا کہ سیاسی اختلافات کو انتقامی کارروائیوں میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو مشورہ دیا کہ اسے اپوزیشن کی تنقید کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنا چاہیے، کسی بھی جمہوری اور پارلیمانی نظام کی مضبوطی کیلئے ایک ذمہ دار اپوزیشن کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہوتا ہے، جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ حکومت کو ایسے تمام اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جن سے ملک میں جمہوریت اور پارلیمان کا ادارہ کمزور ہونے کا اندیشہ ہو، ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال میں دونوں رہنمائوں کے اس رابطے کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔