خیبرپختونخوا : آپریشنز میں توسیع کافیصلہ
وزیراعظم کی زیر صدارت قومی اور داخلی سلامتی سے متعلق اہم اجلاس میں اعلیٰ عسکری و سول حکام اور وفاقی وزراء کی شرکت‘وفاق کی جانب سے خیبرپختونخوا کیلئے 160 ارب کے پیکیج پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مختلف شعبوں میں کئے گئے قدامات پر تفصیلی بریفنگ دی‘ وفاقی ‘ صوبائی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان کوآرڈی نیشن بہتر بنائی جائے:وزیراعظم کی ہدایت
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کی زیر صدارت قومی اور داخلی سلامتی سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں اعلیٰ عسکری و سول حکام اور وفاقی وزراء نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاق کے خیبرپختونخوا کے لیے 160 ارب کے پیکیج پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا‘اجلاس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی شرکت کی اور مختلف شعبوں میں کیے گئے اب تک کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں انسداد دہشت گردی کے لیے انٹیلی جنس آپریشنز کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں امن و امان کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا گیا، اس موقع پر اے آر ڈی سی کی اب تک کی کارکردگی بھی زیر غور آئی۔وزیراعظم نے وفاقی اور صوبائی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان کوآرڈی نیشن بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی قیاد ت میں وفد نے ملاقات کی ‘ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال اور ترامیم میں تعاون کے معاملے پر غور کیا گیا