اداکارہ میرا کا بہن کے علاج اور تدفین میں تعاون پر مریم نواز سے اظہارِ تشکر

اداکارہ میرا کا بہن کے علاج اور تدفین میں تعاون پر مریم نواز سے اظہارِ تشکر

لاہور: پاکستانی اداکارہ میرا نے اپنی چھوٹی بہن شائستہ عباس کے علاج اور لندن میں تدفین کے انتظامات میں تعاون کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اداکارہ میرا کی چھوٹی بہن شائستہ عباس طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں اور بیماری سے طویل جنگ لڑنے کے بعد لندن میں انتقال کرگئیں۔ بہن کے انتقال پر میرا نے سوشل میڈیا پر ان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے لیے تشکر کے جذبات کا اظہار کیا۔اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں اداکارہ میرا نے لکھا کہ وہ مریم نواز شریف کی بے حد شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کی بہن کے علاج معالجے میں تعاون کیا اور مشکل وقت میں ان کے خاندان کا ساتھ دیا۔میرا کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کی بہن اب اس دنیا میں نہیں رہیں، تاہم ان کے علاج کے لیے کی جانے والی کوششوں اور مشکل وقت میں ملنے والی مدد کو ان کا خاندان ہمیشہ یاد رکھے گا۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر سے بھی رابطہ کیا تاکہ ان کی بہن کی انگلینڈ میں تدفین کے انتظامات میں سہولت فراہم کی جاسکے۔ ان کے مطابق مریم نواز کی کوششوں اور تعاون سے ان کی مرحوم بہن کی آخری رسومات ادا کرنے کے انتظامات مکمل ہوئے۔میرا نے اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اسی طرح انسانیت کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اس نیکی کا بہترین اجر دے۔