پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا نے اپنی چھوٹی بہن شائستہ عباس کی صحت سے متعلق افسوسناک خبر شیئر کرتے ہوئے مداحوں اور عوام سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام کے ذریعے بتایا کہ ان کی بہن شائستہ عباس کینسر جیسے موذی مرض سے جنگ لڑ رہی ہیں اور زندگی کے انتہائی مشکل دور سے گزر رہی ہیں۔ میرا نے اپنی بہن کی بیماری کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ان کی صحت یابی کے لیے دعا کریں۔
بہن کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کر دی
میرا نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں شائستہ عباس کی ایک تصویر بھی شیئر کی، جس میں بیماری اور علاج کے دوران ان کے سر کے بال جھڑنے کی کیفیت دیکھی جا سکتی ہے۔اداکارہ کی جانب سے بہن کی بیماری سے متعلق یہ خبر سامنے آنے کے بعد ان کے مداحوں اور شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد نے بھی افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
شائستہ عباس کا شوبز سے تعلق
واضح رہے کہ شائستہ عباس ماضی میں پاکستان کے چند ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ تاہم بعدازاں انہوں نے اپنی تعلیم مکمل کرنے کے لیے برطانیہ منتقل ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔
مداحوں کی جانب سے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار
میرا کی پوسٹ سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد مداحوں اور صارفین کی جانب سے شائستہ عباس کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔صارفین نے اداکارہ میرا اور ان کے اہل خانہ کے لیے بھی حوصلے اور صبر کی دعا کی ہے۔ سوشل میڈیا پر اس خبر کے بعد شوبز حلقوں میں بھی شائستہ عباس کی صحت کے حوالے سے تشویش پائی جا رہی ہے۔