سینئر اداکارہ حمیرا ظہیر کی طبیعت تشویشناک، بشریٰ انصاری کی مداحوں سے دعاؤں کی اپیل

سینئر اداکارہ حمیرا ظہیر کی طبیعت تشویشناک، بشریٰ انصاری کی مداحوں سے دعاؤں کی اپیل

کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ حمیرا ظہیر کی طبیعت تشویشناک ہونے پر معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے مداحوں سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل کردی۔

بشریٰ انصاری نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بتایا کہ حمیرا ظہیر کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی تھی، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا اور انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں داخل کرلیا گیا۔اداکارہ کے مطابق حمیرا ظہیر گزشتہ ایک ہفتے سے آئی سی یو میں زیر علاج ہیں، تاہم ان کی صحت میں تاحال کوئی خاص بہتری نہیں آسکی۔ انہوں نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ ان کی دوست کی صحت یابی کے لیے دعا کریں۔بشریٰ انصاری نے بتایا کہ وہ اور سینئر اداکار بہروز سبزواری روزانہ اسپتال جا کر حمیرا ظہیر کی عیادت کرتے ہیں اور ان کی صحت سے متعلق معلومات حاصل کرتے رہتے ہیں۔

اپنے پیغام میں بشریٰ انصاری نے حمیرا ظہیر کے ساتھ اپنی طویل دوستی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں کی دوستی 54 سال پرانی ہے۔ وہ بچپن سے ایک دوسرے کو جانتی ہیں اور ان کے درمیان گہرا دوستانہ تعلق رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ دونوں نے ایک ساتھ کالج میں وقت گزارا، جبکہ ٹی وی پروگرامز میں گانے کا تجربہ بھی مشترکہ طور پر کیا۔ بشریٰ انصاری کے مطابق حمیرا ظہیر ان کی دیرینہ دوست ہیں اور ان کے ساتھ کئی یادگار لمحات وابستہ ہیں۔