لاہور: کوٹ لکھپت جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو مختلف طبی ٹیسٹوں اور تفصیلی معائنے کے لیے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چند روز قبل جیل میں قیام کے دوران شاہ محمود قریشی کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی تھی۔ وہ اپنی بیرک میں چہل قدمی کر رہے تھے کہ اسی دوران انہیں چکر آئے اور وہ زمین پر گر پڑے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گرنے کے باعث پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین کے جسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں آئیں، جبکہ ان کے گھٹنے اور بازو پر بھی شدید چوٹیں لگیں۔ واقعے کے فوری بعد جیل حکام نے انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ذرائع کے مطابق جیل حکام نے شاہ محمود قریشی کے خون کے نمونے بھی حاصل کیے تھے، جنہیں طبی تجزیے کے لیے شوکت خانم ہسپتال بھجوایا گیا۔ تاہم مزید طبی معائنے اور ضروری ٹیسٹوں کی غرض سے انہیں اب پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا ہے۔پی آئی سی میں ماہر ڈاکٹرز ان کا طبی معائنہ کر رہے ہیں اور مختلف ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں تاکہ ان کی صحت کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جاسکے۔