حماد اظہر کی بیرک اور واش روم میں کیمروں کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کی درخواست

حماد اظہر کی بیرک اور واش روم میں کیمروں کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کی درخواست

لاہور: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی سے متعلق مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24 نومبر تک توسیع کردی، جبکہ ملزم نے جیل میں بہتر سہولیات کی فراہمی اور بیرک میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو ہٹانے کے لیے درخواست بھی دائر کردی۔

جوڈیشل ریمانڈ کی مدت مکمل ہونے پر حماد اظہر کو منگل کے روز عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید توسیع کی گئی۔ اس موقع پر حماد اظہر کی جانب سے جیل میں بی کلاس سہولیات فراہم کرنے اور بیرک میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے خلاف درخواست جمع کرائی گئی۔

بیرک میں بنیادی سہولیات نہ ہونے کا مؤقف

حماد اظہر نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ انہیں جیل میں اس وقت سی گریڈ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جو ناکافی ہیں۔ بیرک میں بیڈ، کرسی اور میز جیسی بنیادی سہولیات بھی دستیاب نہیں، جس کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ انہیں جیل میں بی کلاس سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔ حماد اظہر نے پیشکش کی کہ بی کلاس کی سہولیات پر آنے والے تمام اخراجات وہ خود برداشت کرنے کے لیے تیار ہیں۔

واش روم میں کیمروں کی تنصیب پر اعتراض

حماد اظہر نے اپنی درخواست میں بیرک اور واش روم کے قریب نصب دو سی سی ٹی وی کیمروں پر بھی اعتراض اٹھایا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ یہ کیمرے ان کی نجی زندگی اور بنیادی انسانی وقار کے منافی ہیں، کیونکہ ان کے مطابق کیمروں کی نگرانی میں باتھ روم اور واش روم کا حصہ بھی آتا ہے۔درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ بیرک میں سی سی ٹی وی کیمروں کی موجودگی ان کے حقِ پرائیویسی کی خلاف ورزی ہے، لہٰذا دونوں کیمروں کو بیرک سے ہٹانے کا حکم دیا جائے۔حماد اظہر نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ انہیں جیل میں بی کلاس سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بیرک میں نصب دونوں سی سی ٹی وی کیمرے بھی ہٹائے جائیں۔